پشاور: وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ابھی ہمارے پاس پوری تعداد میں بسیں نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ 23 مار چ کو بی آر ٹی کا تعمیری کام مکمل ہوجائے گا، چھوٹی موٹی خامیاں دیکھنے کے لیے ٹیسٹ رن کیا جائے گا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے بی آرٹی منصوبے کا افتتاح کرنے کی خواہش ظاہرکی تھی۔
وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کومشورہ دیا کہ ابھی افتتاح نہ کریں، ابھی ہمارے پاس پور ی تعداد میں بسیں نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ 17 مارچ کو اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پشاور میٹرو کی لاگت نہیں بڑھی ہے، بی آر ٹی منصوبہ 29 ارب کا ہے، 70 ارب کا نہیں ہے۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پشاور میٹرو لاہور میٹرو سے مختلف ہے، سیاسی مخالفین کے پاس تنقید کے سوا کچھ نہیں ہے، 6 ماہ میں 7 کلو میٹر پل کی تعمیر کی گئی۔
واضح رہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کو لاہورمیٹرو سے سستا اور معیاری منصوبہ قرار دیا گیا تھا، یہ منصوبہ2017 میں شروع کیا گیا تھا، اس کے افتتاح کی تاریخ چھ بار تبدیل کی جا چکی ہے، تاہم اب اس کے لیے 23 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔