شارجہ : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے آج شارجہ میں کھیلا جائے گا، آسٹریلوی ٹیم پہلا ون ڈے آٹھ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں برتری حاصل کر چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں ناکامی کے بعد شاہین اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے پلٹ کر وار کرنے کو تیار ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا سوویں ون ڈے میں مد مقابل ہوں گے اب تک ایک روزہ کرکٹ میں کینگروز کا پلڑا بھاری رہا ہے۔
آسٹریلیا نے تریسٹھ اور قومی ٹیم نے بتیس میچز میں کامیابی سمیٹی، پاکستانی ٹیم سیریز میں واپسی کے لئے پر عزم ہے، سیریز میں کامیابی کی صورت میں پاکستان رینکنگ میں پانچویں نمبر پر آجائے گا، دونو ں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے اتوار کی شام شارجہ میں کھیلا جا ئے گا۔
مزید پڑھیں: شارجہ ، پہلا ون ڈے، ایرون فنچ کی شاندار سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں کپتان ایرون فنچ کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا281رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، ایرون فنچ نے 116رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پانچ میچوں سیریز میں آسٹریلیا کو 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔