نوشہرہ: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 17سال بعد مردان سے درگئی تک ریلوے سروس بحا ل کردی گئی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹریک کا معائنہ کیا اور نوشہرہ سے مردان تک ٹرین میں سفرکیا۔
شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ایم ایل ون پردستخط ہوجائیں گے، چین سے معاہدہ ہوا ہے، 1000نوکریوں میں سے 900 پاکستانیوں کو ملیں گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ محترمہ بینظیرکی شہادت کے دوران جلائی گئی ٹرینوں کی مرمت کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی حکومت میں ٹرین کا پہیہ چلا دیا ہے، عمران خان کی قیادت میں ریلوے میں انقلاب لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب ہم سندھ سمیت پورے ملک میں ٹرین چلائیں گے، انگریز کے بنائے ٹریکس بحال کریں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ بلاول اگرکرپشن کے خلاف ہوتا توقومی ہیرو ہوتا، اس نے اپنی زندگی میں حماقت کی ہے۔
مزید 20 ٹرینیں چلائیں گے، شیخ رشید
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رواں سال ریلوے خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا، 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی۔