ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، اریب کی میت آج صبح نیوزی لینڈ سےکراچی لائی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہیدسید اریب کی نمازجنازہ کراچی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عزیزواقارب اورسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے بعد اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

اس سے قبل سانحہ کرائسٹ چرچ میں جام شہادت نوش کرنے والے اریب کی میت آج صبح نیوزی لینڈ سےکراچی لائی گئی تھی، جسد خاکی لےکر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 600 پہنچی۔

اریب احمد کی میت وصول کرنے والد، ماموں اور دیگر ورثا موجود تھے جبکہ وزیربلدیات سندھ سعید غنی ، گورنر سندھ ، میئر کراچی اور کمشنر افتخار احمد شلوانی بھی پہنچے تھے۔

ہمارےبس میں جوہوگا حکومت سندھ کی جانب سے وہ سب کریں گے، سعید غنی 


اس موقع پر وزیربلدیات سندھ سعیدغنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا اریب کے والد کا حوصلہ بلندہے،سیاسی جماعتوں کے کارکن شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے  آئے ہیں ، اس بے گناہ نے لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کی تھی ، ہمارےبس میں جوہوگا حکومت سندھ کی جانب سے وہ سب کریں گے۔

اریب ماں باپ کا ایک ہی سہارا تھا،  پڑوسی 


اریب کے پڑوسی کا کہنا ہے کہ اریب اچھا بچہ تھا ہمارے سامنے بڑا ہوا، وہ ماں باپ کا ایک ہی سہارا تھا،ایک چھوٹی بہن ہے، اریب کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔

خیال رہے اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہوئے تھے۔

واضح رہے کرائسٹ چرچ کی دو مساجدمیں سفیدفام نسل پرست دہشتگرد کی فائرنگ سے پچاس نمازی شہید ہوگئے تھے، جس میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں