لاہور: کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی، نیب نے نواز شریف کو ضمانت دینے کی مخالفت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی ضمانت کی درخواست پر آج سماعت ہوگی، قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ نواز شریف کو ایسا کوئی عارضہ لا حق نہیں ہے جس سے ان کی جان کو خطرہ ہو۔
نیب کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف بیماری کے بہانے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، نیب ٹیم نے عدالت میں پیش کرنے کے لیے جواب تیار کر لیا ہے۔
دوسری طرف وزیر صحت پنجاب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں کہا کہ گردوں سے متعلق نواز شریف کی رپورٹ نارمل ہے، رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تاہم رہنما ن لیگ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص لیب رپورٹ کیسے تبدیل کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف
دوسری طرف نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہے، سابق وزیر اعظم کے سپورٹرز اور چاہنے والوں سے دعا کی اپیل ہے۔
انھوں نے کہا کہ دل سے نکلی دعا کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے، دعا کر کے ہی نواز شریف کے لیے کچھ کیا جا سکتا ہے، جب نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لایا گیا تو ان سے ملنے گئی، والد سے کہا آپ کی طبیعت اڈیالہ جیل سے بہتر لگ رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا ’والد نے کہا کہ ہاں یہاں تم نہیں جس کی فکر کرتا رہوں، نواز شریف نے کہا وہ خود اذیت میں رہ سکتے ہیں پر مجھے اذیت میں نہیں دیکھ سکتے۔‘