کراچی: شہرقائد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے بریگیڈ تھانے کی حدود میں ایف ٹی سی کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل پر سوار شہری ریاض خان کو قتل کردیا۔
فائرنگ کرنے والے افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے جن میں سے ایک نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا ، وقوعہ سے تیس بور گولیوں کے دو خول ملے ہیں۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن فٹ بال چورنگی کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جاں بحق شہری کی شناخت نصیرالدین کے نام سے ہوئی ہے۔
عوامی کالونی کے علاقے سے بزرگ خواجہ سرا حاجی حجن کی تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق لاش گھر کے اندر تھی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیاجارہا ہے۔
علاوہ ازیں کھارادر موتن داس مارکیٹ کے قریب بھی فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی پولیس کی کارروائیاں‘ 14 ملزمان گرفتار
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔