کراچی: ملک بھر میں شدید سردی کے بعد آج موسم گرما نے اپنی جھلک دکھا دی۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں صبح کے اوقات میں گرمی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج صبح ہی درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج دن بھر مطلع صاف رہے گا۔ آج کے دن ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں سردی کی شدت باقی ہے، گزشتہ رات کالام میں منفی 04 اور استور میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج بھی بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں ہوگا جہاں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور زیادہ سے زیادہ سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
اس سے قبل ملک بھر میں موسم سرما اپنے عروج پر تھا اور ملک کے مختلف حصوں میں برف باری اور شدید بارشیں جاری تھیں۔ کراچی میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود تھا جبکہ خشک ہوائیں بھی چل رہی تھیں۔