اسلام آباد: کابینہ کمیٹی نے بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کر دی ہے، وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی زیرِ صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کی۔
کمیٹی نے وزارت پٹرولیم سے گیس چوری پر رپورٹ بھی طلب کر لی، وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ گیس کمپنیاں اپنے نقصانات کی ماہانہ رپورٹ پیش کریں۔
اسد عمر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں، بجلی چوری کے قانون پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ گیس نقصانات پورا کرنے کے لیے دونوں کمپنیاں حکمت عملی تیار کریں، دونوں کمپنیاں مشترکہ حکمت عملی قائم کردہ ٹاسک فورس کو پیش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ دورمیں بجلی چوری روکنے کے لیے موثرپالیسی مرتب نہیں کی گئی‘ عمرایوب
دریں اثنا، اجلاس میں آئی پی پیز کی تجزیاتی رپورٹ بھی پیش کی گئی، وزیرِ خزانہ کو بریفنگ میں کہا گیا کہ 7 میں سے 5 آئی پی پیز کی تجزیاتی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور اس رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا تھا کہ ن لیگ کے دور میں پاور سیکٹر کے لیے غلط فیصلے لیے گئے جس سے بہت نقصان پہنچا، یکم جون 2013 کو گردشی قرضوں کا حجم 884 ارب روپے تھا، مئی 2018 تک گردشی قرضوں کا حجم 1190 ارب روپے ہو گیا۔