ریاض: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سعودی وزیر ثقافت سے بات چیت کے دوسرے دور میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ڈراما پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ پرفارمنگ آرٹ، فیشن ڈیزائننگ اور فن کاروں کی تربیت میں تعاون کیا جائے گا، پاک سعودی ثقافتی تعاون میں مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان نے پاکستانی تجربے اور ماہرین سے استفادے کی اہمیت پر زور دیا، فواد چوہدری نے سعودی وزیر ثقافت کا ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر شکریہ ادا کیا اور انھیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کے فروغ کے لیے سعودی حکام سے بات ہوئی ہے، پاک سعودی کلچر کے فروغ میں تعاون کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے سیاحتی و ثقافتی پلان طے کر لیا، خطے کا تین ہزار سالہ تاریخی ورثہ اجاگر کرنے کا فیصلہ
انھوں نے کہا کہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد تعاون میں جدت آئی، پاکستان میں سعودی شہریوں کے لیے آن ارائیول ویزے کی سہولت دی گئی ہے، عرب ممالک کے سیاح پاکستانی معیشت میں کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین گزشتہ روز سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر اعجاز راجا اور سعودی کلچرل وزارت کے حکام نے کیا تھا۔