کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا ڈپٹی میئر لانے کی تیاری شروع کرتے ہوئے امیدواروں کے انٹرویوز شروع کردیے۔
تفصیلات کے مطابق ارشد وہرہ کی نااہلی کے بعد کی خالی ہونے والی نشست پر ایم کیوایم پاکستان نےکراچی کا نئےڈپٹی میئر لانے کی تیاری شروع کردی۔
ایم کیو ایم پاکستان نے ڈپٹی میئر کے امیدوار کے لیے انٹرویوز شروع کردئیے، جس کے تحت امیدواروں کوشارٹ لسٹ کیا جائے اور پھر اُن کے نام رابطہ کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔
نمائندہ اے آر وائی رافع حسین کے مطابق رابطہ کمیٹی اور سی ای سی اجلاس میں ڈپٹی میئرکے نام کوحتمی شکل دےگی، امیدواروں میں اسلم آفریدی اور ارشد حسن بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈپٹی میئر کراچی کی خالی نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈپٹی میئر کراچی کی نشست پر ہونے والے الیکشن کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق خالی ہونے والی نشست پر انتخاب 18 اپریل کو ہوگا جس میں سٹی کونسل کے 302 سے زائد اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن اعلامیے میں بتایا گیا تھاکہ ڈپٹی میئر کراچی کی نشست پرانتخاب لڑنے کے خواہش مند امیدوار 29 مارچ تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کراسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر 13 مارچ کو فیصلہ سناتے ہوئے ارشد وہرہ کو نااہل قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ڈپٹی میئرکراچی ارشد وہرہ کو نا اہل قراردےدیا
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا تھا کہ کراچی کے ضلع وسطی کی یونین کونسل49 سے منتخب ہونے والے ارشد وہرہ کی نا اہلی پارٹی تبدیل کرنے کے سبب عمل میں لائی گئی۔
ارشد وہرہ اکتوبر 2017 میں ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے ، سیاسی جماعت تبدیل کرتے وقت وہ ڈپٹی میئر کراچی کے عہدے پر فائز تھے انہیں ایم کیو ایم کے بلدیا تی نمائندگان کے ووٹوں سے منتخب کیا گیا تھا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے متعدد بار ارشد وہرہ سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا البتہ انہوں نے صاف الفاظ میں انکار کردیا تھا جس کے بعد متحدہ نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرائی تھی۔