نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطرخواہ کامیابیاں حاصل کیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامات نہیں بلکہ دہشت گردی کی وجوہات سے نبردآزما ہونے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عالمی حکمت عملی میں غاصبانہ تسلط پرتوجہ دی جائے۔
ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ اداروں کوچند ممالک کے سیاسی مفاد کا آلہ کارنہیں بننا چاہیے، حق خودارادیت کے انکار سے پیداصورت حال بھی دیکھی جائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی پربھی توجہ دے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطرخواہ کامیابیاں حاصل کیں، نیپ کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی مربوط، جامع پالیسی بنائی گئی۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اداروں کو مزید مضبوط کیا گیا۔
پاکستان نئی اورپراعتماد قیادت کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن ہے‘ ملیحہ لودھی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن وسلامتی ،بین الاقوامی تعاون کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان نئی اور پراعتماد قیادت کے ساتھ ترقی کی راہ پرگامزن ہے۔