اسلام آباد : کرتاپورراہدری پر پاک بھارت اجلاس 2 اپریل کوواہگہ میں ہوگا، پاکستان نے کوریج کیلئے بھارتی میڈیا کو اجازت دیتے ہوئے کہا نمائندے پاکستانی ہائی کمیشن کو ویزے کی درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کرتاپورراہدری پر پاک بھارت اجلاس 2 اپریل کوواہگہ میں ہوگا، واہگہ میں ہونے والے اجلاس میں بھارتی میڈیا کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، بھارتی صحافی ویزے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔
#Pakistan welcomes Indian media for the #KartarpurCorridor meeting at Wagah on 2 April 2019. They may apply to Pakistan High Commission, New Delhi for visas #PakKartarpurSpirit
— Dr Mohammad Faisal (@ForeignOfficePk) March 29, 2019
یاد رہے 19 مارچ کوکرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت ٹیکنیکل ماہرین کی ملاقات زیرو لائن پر ہوئی تھی ، جس میں پاکستان اوربھارت نے کرتارپورراہداری پردونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاکستان اور بھارت کا کرتارپورراہداری پر دونوں جانب باڑ لگانے پر اتفاق
اس سے قبل 14 مارچ کو ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں ایک وفد اٹاری گیا تھا، جہاں بھارتی حکام سے کرتار پور راہداری منصوبے پر مذاکرات کئے گئے تھے، بھارت نے اٹاری میں اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستانی صحافیوں کوویزےنہیں دیےتھے۔
پاکستان گوردوارہ صاحب سے سرحد تک اپنی حدود میں کرتارپور کوریڈور فیز ون میں ساڑھے 4 کلو میٹر سڑک تعمیر کرے گا، اسی طرح بھارت بھی اپنی حدود میں سرحد تک راہداری بنائے گا۔
واضح رہے پاکستان نے کرتار پور راہداری کے افتتاح پربھی 30 بھارتی صحافیوں کو ویزے جاری کیے ، بھارتی صحافیوں کی وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرائی گئی تھی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے بھارتی صحافیوں کو عشائیہ بھی دیا تھا۔