کولمبو: سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کو شراب کے نشے میں گاڑی چلانے پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دمتھ کرونارتنے نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہے تھے کہ اسی دوران اُن کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے مخالف سمت سے آنے والی کار کا ڈرائیور زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں جسے طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔
کیمرے میں نظر آنے والی گاڑی کا نمبر جب چیک کیا گیا تو یہ سرلنکن کپتان کے نام تھی اور جب فوٹیج کو غور سے دیکھا گیا تو کرونارتنے ہی اسے ڈرائیو کررہے تھے، پولیس نے صبح پانچ بجکر 40منٹ پر انہیں بوریلا میں گرفتار کیا۔
مزید پڑھیں: نشے میں دھت ہوکر جہاز اڑانے والا پائلٹ گرفتار
دوران حراست دمتھ نے اعتراف کیا کہ وہ نشے کی حالت میں تھے جس پر اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، بعد ازاں پولیس نے انہیں ضمانت پر رہا کیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی سماعت کے لیے درخواست دائر کی جائے گی، قانونی شکنی کرنے پر دمتھ کرونارتنے کو اب عدالت میں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کو طلب کرلیا تاکہ اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ کے کرونارتنے کے پیشہ ورانہ کیریئر پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ کرکٹ بورڈ رپورٹ کا انتظار کررہی ہے اور اگر عدالت نے انہیں سزا سنا دی تو پھر دمتھ سے نہ صرف کپتانی واپس لی جائے گی بلکہ اُن کے میچ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نشے میں دھت بندر نے تباہی مچادی، ویڈیو وائرل
کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونارتنے کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی ہیں، اُن کے خلاف ضابطے کے مطابق تحقیقات کے بعد ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔