جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

وزیراعظم کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

اشتہار

حیرت انگیز

شیخوپورہ: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے گیس چوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے لاہورروڈ پر واقع اسٹیل مل پر ایف آئی اے نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑ لی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 2 سال سے زیرزمین پائپ لائن بچھا کر گیس چوری کی جارہی تھی، 2017 میں بھی مل مالکان پر گیس چوری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

- Advertisement -

مل مالکان نے 20 کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا، اسٹیل مل میں بجلی بھی چوری کی استعمال کی جارہی تھی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے گیس بحران کے تناظر میں گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا تھا، چوری میں معاونت پر عملے کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی تھی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس کا ضیاع روکنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس کی قلت کی وجوہ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیرِ اعظم نے غیر قانونی گیس کنکشنز اور گیس کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا

چند روز قبل وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

سندھ اور بالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز پر گیس کا بحران رہا جب کہ گھروں میں بھی تسلسل کے ساتھ گیس کی سپلائی نہیں کی جارہی ہے، گیس کی قلت کے باعث مکین ایل پی جی سلینڈر اور لکڑیوں پر کھانے پکانے پر مجبور ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں