برلن: جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے نام لکھے گئے خط میں 262 سماجی اداروں نے تارکین وطن سے متعلق نئی یورپی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت 262 تنظیموں کی جانب سے لکھے گئے اس خط میں جرمن چانسلر مرکل سے یورپی پالیسی تبدیل کرنے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سماجی اداروں کے مطابق موجودہ یورپی پالیسی میں بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے تارکین وطن کے معاملے سے توجہ ہٹا کر یورپ کے گرد دیواریں کھڑی کرنے پر زور دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس کے دوران 2300 مہاجرین بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی تارکین وطن سے جرمنی تنہا نہیں لڑ سکتا، انجیلا مرکل
واضح رہے کہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد کو کم کرنے کی ضرورت ہے، اس بحران سے جرمنی تنہا نہیں نمٹ سکتا ہے۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ 2015 میں مہاجرین کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے جرمنی تقسیم ہوا تاہم اب ایسا دوبارہ نہیں ہوگا۔
انجیلا مرکل نے کہا تھا کہ مخصوص وقت میں ایک ملین مہاجرین کو جرمنی آنے کی اجازت دینا ایک غیر معمولی استثنیٰ تھا لیکن اب ایسا دوبارہ نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ جرمنی مستقبل میں بھی سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کو قبول کرے گا لیکن ساتھ ہی ایسے تارکین وطن کی ملک بدری کا سلسلہ تیز کیا جائے گا جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں۔