لاہور: قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شبہاز کی منی لانڈرنگ کے طریقے کے حوالے سے ثبوت حاصل کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کس طرح منی لانڈرنگ کرتے رہے، نیب نے اس کے ثبوت حاصل کر لیے ہیں، حمزہ شہباز کو نا معلوم افراد کی جانب سے لاکھوں ڈالرز کی رقم بھیجی گئی۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ 26 جون 2007 کو 1 لاکھ 65 ہزار 980 ڈالرز کی رقم سرکلر روڈ لاہور بھیجی گئی، رقم محبوب علی نامی شخص کی ہدایت پر ٹی ٹی ٹرانسفر کے ذریعے بھیجی گئی، محبوب علی نامی شخص نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی تھی۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ محبوب علی نامی شخص کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے، محبوب علی نے کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، اس نے آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کی گرفتاری روکنے کا عدالتی حکم، نیب ٹیم واپس روانہ
ذرایع نے مزید بتایا کہ 25 جولائی 2007 کو ایک لاکھ 67 ہزار 980 ڈالرز کی رقم لاہور میں سرکلر روڈ پر نجی بینک کی برانچ میں بھیجی گئی، دستاویز کے مطابق رقم منظور احمد نامی شخص کی ہدایت پر ایچ ایس بی سی کے ذریعے کے ایس منی ٹرانسفر سے بھیجی گئی۔
دستاویز کے مطاق منظور احمد نے رقم سرمایہ کاری کی غرض سے بھیجی، منظور احمد کے پاس بھی پاسپورٹ نہیں ہے، کبھی برطانیہ کا سفر بھی نہیں کیا، آج تک کوئی سرمایہ کاری نہیں کی۔
خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کل احتساب عدالت کے حکم پر ان کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپا مارا گیا لیکن نیب کو ناکامی ہوئی، آج پھر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن وہ گھر سے باہر نہ نکلے، بعد ازاں، لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو پیر تک حمزہ شہباز کی گرفتاری سے روک دیا اور کہا حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے، حفاظتی ضمانت کی درخواست پر پیر کو سماعت ہوگی۔