اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کو ڈیجیٹل کرنے سے متعلق پلان زیر غور ہے، جاپان کی ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پاکستان میں جاپانی سفیر کونیونوری مستودا نے ملاقات کی، جس میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان جاپان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، پاکستان کی متعارف کردہ نیو الیکٹرانک ویزا پالیسی میں جاپان بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے پر کشش ملک ہے، فلم، کلچر، مشترکہ پروڈکشن میں مزید کام کی ضرورت ہے، جاپان ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان سے فرانسیسی کاروباری تنظیم کے وفد کی ملاقات
وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، میڈیا یونی ورسٹی میں پرفارمنس آرٹس، ٹیکنیکل اسکول اور ٹریننگ کے شعبے شامل ہوں گے، اس سلسلے میں ٹیکنیکل سسٹم لگانے کے لیے جاپان کے تعاون کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی خوب صورتی میں دنیا میں مقام رکھتے ہیں، سیاحت کے فروغ کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو سراہتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ تعلیم، اسپورٹس، کلچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔