کراچی: پاک بحریہ نے سمندری راستے سے دہشت گردی کی روک تھام کے لیے بنائی جانے والی کثیرالقومی ٹاسک فورس 150 کی کمانڈ مسلسل گیارہویں بار سنبھالنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 11ویں مرتبہ سنبھال لی جس کی سربراہی کمو ڈور علویر احمد نور کریں گے، کمانڈ کی تبدیلی کے حوالے سے تقریب کا انقعاد بحرین میں واقع ہیڈکوارٹرز یوایس نیوسینٹ میں ہوا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں پا ک بحریہ کے عزم کے باعث اتحادی بحری افواج سے تعلقات مسلسل مضبوط ہورہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کا اعزاز، کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ 10 ویں مرتبہ سنبھال لی
اُن کا کہنا تھا کہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150کی کمانڈ کا پاکستان کو گیارہویں بار سونپا جانا اتحادی فورسز کا پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ واضح رہے کہ کثیرالقومی ٹاسک فورس میری ٹائم سیکیورٹی کے زیر نگرانی اپنے فرائض انجام دیتی ہیں اور یہ بحری قذاقی سمیت سمندر میں دہشت گردی کی روک تھام کو یقینی بناتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 18 اگست 2017 کو پاک بحریہ نے دسویں بار کثیرالقومی ٹاسک فورس کی کمانڈ سنبھالی تھی، ٹاسک فورس کی سربراہی کمانڈر ریئر ایڈمرل نوید احمد رضوی کو سونپی گئی تھی۔