اسلام آباد : جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور آج اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوں گے، اس موقع پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئےجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور او دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے۔
عدالت نے آصف زرداری سمیت تیس ملزمان کو 16اپریل کو طلب کر رکھا ہے، عدالت نے اپنے سمن میں لکھا ہے کہ ملزمان اپنے اوپر عائد الزامات کا جواب دینے کے لیے اسلام آباد احتساب عدالت میں پیش ہوں۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری دوسری بارٹرائل کورٹ میں پیش ہوں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی احتساب عدالت آمد پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی جب کہ متعلقہ راستوں پر بھی نفری تعینات کی جائے گی، اس کے علاوہ رینجرز کے200جوان و افسران بھی تعینات کئے جائیں گے۔
کیس کی سماعت کے موقع پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احتساب عدالت میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ رجسٹرار احتساب عدالت کے مطابق میڈیا کو کمرہ عدالت تک رسائی دی جائے گی اور سیکیورٹی کے معاملات پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ کراچی کے بینکنگ کورٹ سے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس احتساب عدالت اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے جہاں اب آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو طلب کیا گیا ہے۔