کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما خود آکر ڈیم فنڈ میں جمع ہونے والی رقم کا ریکارڈ دیکھ سکتے ہیں،76کروڑ روپے ڈیم کیلئے اعلان ہوئے تھے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی، عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈیم کیلئے76کروڑ روپے اعلان ہوئے تھے، اعلان کے بعد بہت سے لوگ پیسے نہیں دیتے، کل بھی ڈیم فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے آئے۔
ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کوئی بھی کام کرپشن کے بغیر نہیں کیا، سندھ حکومت اور وفاق کے درمیان کوئی ورکنگ ریلیشن شپ نہیں، پیپلزپارٹی وفاق کے ساتھ نہیں چلنا چاہتی تو نہ چلے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیم فنڈز کیلئے تقریب میں جو رقم ملی وہ جمع کرائی گئی، پیپلزپارٹی والے خود آکر بھی جمع ہونے والی رقم کا ریکارڈ دیکھ سکتی ہے، ڈیم فنڈز کیلئے تقریباً 70کروڑ روپے کےچیکس جمع کرائےتھے۔