لاہور : اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ شہبازشریف نے رمضان کی آمدکےپیش نظر حکومت سے نجی اورسرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا فوری ریلیف نہ دیاگیاتوعوام کیلئےماہ صیام گزارنا ممکن نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور صدر ن لیگ شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر نجی اورسرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر کم از کم تنخواہ 18ہزار کی جائے اور 3ہزار تنخواہ میں اضافہ کیا جائے جبکہ ایک لاکھ تک ماہانہ کمانے والوں کی تنخواہ میں 20 فیصداضافہ کیا جائے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا تنخواہ میں اضافےپرعمل کیلئےمؤثراقدامات کئےجائیں، اضافہ نجی اورسرکاری دونوں شعبہ جات کے ملازمین کو دیا جائے ،فوری ریلیف نہ دیا گیا تو عوام کیلئے ماہ صیام گزارنا ممکن نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا مہنگائی اورافراط زر کی شرح ہمارےدورمیں کم ترین 3فیصدتھی، آج مہنگائی اورافراط زرکی شرح 9.4فیصدہوچکی ہے، ان حالات میں غریب اور تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کے بوجھ تلے پس چکا ہے۔
خیال رہے حکومت نے مہنگائی میں اضافےکی روک تھام کیلئے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی اہم اشیائےخوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مضبوط نظام بنانےکافیصلہ کیا اورکہا تھا قیمتیں بڑھنے کاباعث بنے والے کارٹلز کے خلاف بھی کارروائی کی جائےگی۔