ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

وزیر اعظم عمران خان کل ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے: فواد چوہدری

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ احسن اقبال، نواز شریف اقامے بنا کر کیوں بیٹھے تھے جواب مل جائے گا، جلد عوام کے سامنے ہوشربا انکشاف آئیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کل ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات دنیا بھر میں ہو رہے ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ بھی ہوتا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب دہشت گردی سے نجات پالیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے بعد دہشت گردی میں کمی آئی۔ ایمنسٹی اسکیم کو کل تک کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کابینہ نے منی لانڈرنگ کے حالیہ کیسز پر تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ایمنسٹی اسکیم کی منظوری نہیں دی جاسکی، منی لانڈرنگ سے متعلق قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ماضی میں آصف زرداری اور شریف فیملی نے منی لانڈرنگ کی، شریف فیملی کی منی لانڈرنگ سے متعلق ثبوت سامنے آ رہے ہیں۔ اسحٰق ڈار کا کیس بھی سب کے سامنے ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا حمزہ شہباز منی لانڈرنگ پر کوئی جواب نہیں دے سکے، آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کے لیے اپنا ہی بینک خرید لیا، آصف زرداری نے کہا کسی اور کو کیا جمع کروائیں گے اپنا ہی بینک خرید لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال، نواز شریف ان لوگوں کو اقامے رکھنے کی کیا ضرورت تھی، یہ لوگ اقامے بنا کر کیوں بیٹھے تھے جواب مل جائے گا، ماضی کی تحقیقات عوام نے دیکھی، ہمارے دور کی تحقیقات بھی دیکھ لیں گے۔ عوام کے سامنے ہوشربا انکشاف آئیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل سے متعلق 6 کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے، تجویز ہے اسٹیل مل کو پبلک پرائیویٹ موڈ پر چلایا جائے گا۔ اسٹیل مل سے ہماری ڈیمانڈ 9 ملین ٹن تک ہے، پیداوار اس وقت 1 ملین ٹن ہے جسے 3 ملین ٹن تک لے جائیں گے۔ آڈیٹر جنرل آفس کو مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلی کمیونی کیشن سے متعلق لائسنس کی تجدید پر بحث ہوئی، لائسنس کی تجدید پی ٹی اے کی تجاویز سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کوٹہ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے، گریڈ 1 سے 5 تک میرٹ پر بھرتیاں ہوں گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو این ٹی ایس کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کوٹہ سسٹم ختم، گریڈ 1 سے 5 تک قرعہ اندازی سے بھرتیاں ہوں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کل ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ پہلے مرحلے میں ڈیڑھ لاکھ اور 5 سال میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ہوگی، کابینہ نے سی ٹی ڈی کو منی لانڈرنگ معاملات دیکھنے کا اختیار منظور کیا، قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں سزائے موت کے قیدی نہیں ہوں گے۔ کرتار پور کوریڈور پر کلچرل اور میڈیا سینٹر بنایا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں