سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج نے گلپورہ کے 13 سالہ بچے کو گاڑی کے نیچے روند دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے دستے نے منگل کے روز ضلع پونچھ کے علاقے گلپورہ میں 13 سالہ لڑکے پر گاڑی چڑھا دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
شہید بچے کی شناخت سجاد احمد ولد محمد تاج کے نام سے ہوئی جو گلپورہ کا رہائشی تھا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچے کو تشویشناک حالت میں لایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
بھارتی فوج کے افسر نے واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا البتہ انہوں نے یہ ظاہر نہیں کیا کہ مقدمے میں کس کو نامزد کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزکےقافلوں کاگزر، سری نگر ہائی وے عوام کے لیے بند
یاد رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے پلوامہ حملے کے بعد سے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت بھارتی فوج کی نقل و حرکت کے دوران شہریوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کی جاتی ہے۔
سری نگر ہائی وے کو روزانہ کئی گھنٹوں کے لیے بند کیا جاتا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ فوجی قافلے کی نقل و حرکت کے وقت ایمبولینس کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔