پرتگال : پرتگالی جزیرے میڈیرا پر جرمن سیاحوں کو لے جانے والی بس تیز رفتاری کے باعث پلٹ گئی جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پرتگال میں بس خوفناک حادثے سے دوچار ہوگئی جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے، مسافر بس میڈیرا کے علاقے کانیکو میں خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس کھائی میں جاگری۔
خطرناک حادثے میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ہلاک و زخمی مسافروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، بس حادثے میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پرتگالی جزیرے میڈیرا پر مسافر بس میں 55 افراد سوار تھے، اطلاع ملتے ہی ہلاک و زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، 28 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا۔
کانیکو کے میئر فلپ سوسا نے اپنے ٹویٹ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میئر کانیکو کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس الفاظ نہیں واقعے کو بیان کرنے کےلیے، میں ان لوگوں کے چہرے نہیں دیکھ سکتا جو حادثے میں زخمی بچ گئے ہیں‘۔
برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بس میں سوار تمام سیاحوں کا تعلق جرمنی سے ہے لیکن متاثرین میں کچھ مقامی افراد بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے میں 11 مرد اور 17 خواتین ہلاک ہوئیں ہیں جن میں بس ڈرائیور اور ٹور گائیڈ بھی شامل ہیں جبکہ ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سنہ 2005 میں بھی اسی مقام پر ایک خوفناک بس حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 5 اطالوی سیاح ہلاک ہوئے تھے۔