لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹرز کے لیے سخت ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، جس کی پاس داری لازمی ہوگی.
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کے لئے سخت ضابطہ اخلاق تیار کیا ہے.
ذرائع کے مطابق کرکٹرز کو روانگی سے قبل اینٹی کرپشن اور ڈوپنگ پر لیکچر دیے جائیں گے، ہفتہ اور اتوار کے روز اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشلز کھلاڑیوں کولیکچرز دیں گے۔
دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کے پرائیوٹ فنکشنز پر جانے پر پابندی ہوگی، کھلاڑیوں کے غیر متعلقہ افراد سے ملنے پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی، کھلاڑی عزیز واقارب سے ملاقات کے لئے بھی انتظامیہ کی اجازت کے پابند ہوں گے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات
کھلاڑی اپنے ایجنٹس کی فہرست بھی فراہم کرنے کے پابندہوں گے۔ میڈیا منیجر کی غیرموجودگی میں کھلاڑیوں کے انٹرویوز دینے پرپابندی ہوگی، کھلاڑی غیر متعلقہ شخص کے رابطے پر ٹیم منیجر کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔
خیال رہے کہ آج ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ روانہ ہونے والی ٹیم نے آج وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، بنی گالہ میں ہونے والی اس ملاقات میں پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔