اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسد عمر بہت قیمتی انسان ہیں انہیں منانے کے لیے جاؤں گا، وزیر اعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کو تبدیل نہیں کیا جارہا۔
عمران خان کی زبرصدارت اجلاس ختم ہونے کے بعد بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسدعمربہت قیمتی انسان ہیں، اُن کو مشورہ ہے کہ کابینہ کا حصہ رہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جو بھی ناراضی ہوئی میں خود اسد عمر کو منانے کے لیے جاؤں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسد عمر تحریک انصاف کا حصہ تھے اور رہیں گے، معیشت کو خطرہ چوروں اور لٹیروں سے تھا، عمران خان نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اہم فیصلے کیے اور مستقبل میں بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کل کوئٹہ ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب اورخیبرپختونخواتبدیل نہیں ہورہے کیونکہ اُن کی کارکردگی بہتر ہے‘۔ وفاقی وزیر صحت کی تبدیلی پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عامر کیانی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نکالا گیا۔
مزید پڑھیں: اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے
یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں موجودہ صورتحال کے ساتھ اپوزیشن سے نمٹنے پر بھی غور کیا جانا تھا، کپتان کی ہدایت پر بلایا جانے والا اجلاس چیئرمین سیکریٹریٹ بنی گالہ میں ہوا۔ جس میں وزیر اعظم کی جانب سے کابینہ میں حالیہ تبدیلیوں پر ارکان کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں شیخ رشید، عمر ایوب، مراد سعید، عثمان ڈار، افتخار درانی، ندیم افضل چن، خسرو بختیار، حماد اظہر، مرزا شہزاد اکبر، فیصل جاوید، عمر چیمہ، فیصل واوڈا اور فردوس عاشق اعوان شرکت کی۔