اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر پیر نورالحق قادری نے سعودی عرب کا دورہ کیا، دورے کے دوران انھوں نے حج انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور نے سعودی عرب کا دورہ کر کے حج انتظامات سے متعلق سعودی وزیر حج اور متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے حج کوٹہ میں اضافے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا، اس دوران سعودی عرب میں حج انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
نور الحق قادری نے سعودی حکام سے ائیر پورٹ میں حاجیوں کو سہولیات فراہم کرنے سے متعلق بات چیت کی، اور منیٰ، مزدلفہ، عرفات میں پاکستانی حجاج کے لیے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
وزیر مذہبی امور نے حاجیوں کی رہایش اور عمارتوں کے حوالے سے بھی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو موقع پر حاجیوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرمذہبی امور کی سعودی وزیرحج سے ملاقات
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیرحج ڈاکٹر صالح بن طاہر نے پیر نور الحق سے ملاقات میں کہا تھا کہ حجاج کرام کے آرام اور سہولت کا خیال رکھنا ان کے فرائض میں شامل ہے، پاکستان کے دیگر شہروں کا روڈ ٹو مکہ میں شمولیت کا جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی، منصوبے کے تحت رواں سال 90 فی صد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔