اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے کراس ایل او سی تجارت کی یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ پاکستان سے مشاورت کے بغیر کراس ایل او سی تجارت کی معطلی افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اس سی بی ایم کی یکطرفہ معطلی ظاہر کرتی ہے کہ بھارت پیچھے ہٹنے کی کوشش کررہا ہے۔
ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ کراس ایل او سی تجارت دونوں ملکوں کے درمیان فعال اعتماد سازی کے اقدامات میں سے ایک ہے جو سفارتی کوششوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی ایکشن بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے کہ یہ طریقہ کار اسمگلنگ، نارکوٹکس، جعلی کرنسی اور دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان اس کے غلط استعمال سے متعلق بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کرے اور اختلافات کو تنازعے سے تعاون کی طرف منتقلی کے تناظرمیں تعمیری بات چیت کے ذریعے حل کرے۔