جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

پشاور میں پولیو ویکسی نیشن سے بچوں کی طبیعت خراب، مشتعل افراد نے مرکز صحت نذر آتش کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: بڈھ پیر ماشو خیل میں پولیو کے قطرے پینے سے 700 سے زائد بچوں کی طبعیت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا، مشتعل افراد نے مرکز صحت نذر آتش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں مبینہ طور پر پولیو ویکسی نیشن سے بچوں کی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا، مشتعل مظاہرین نے ڈی ایچ او اسپتال کی دیواریں گرادیں اور عمارت کو آگ لگادی، اسپتال میں آگ لگنے کے باعث سلنڈر پھٹ گیا۔

ترجمان حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا کہنا ہے کہ پرائمری اسکول نمبر ایک بڈھ پیر ماشوخیل سے بچوں کو اسپتال لایا گیا، بچوں کو سردرد، قے اور متلی کی شکایت تھی، تمام بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں مبینہ طور پر پولیو ویکسی نیشن سے متاثرہ بچوں کی تعداد 700 تک جاپہنچی ہے، سٹی اسپتال میں بھی سو سے زائد متاثرہ بچوں کو لایا گیا ہے۔

ایک اسکول کی ٹیچر نے دعویٰ کیا ہے کہ صبح نو بجے پولیو ویکسین پلائی گئی جس کے بعد بچوں کی طبیعت بگڑی۔

دوسری جانب ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ اسکول کے بچوں کی حالت پولیو ویکسین سے نہیں بگڑی بلکہ گرمی کی وجہ سے خراب ہوئی، پولیو ویکسین میں مسئلہ ہوتا تو صرف ایک اسکول کے اندر ہی بچوں کی حالت کیوں خراب ہوئی۔

ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں