سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔ سمجھ نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کرتے ہوئے پستی میں کیوں جا گرتے ہیں۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت کے نیوکلیئر بم دیوالی کے لیے نہیں ہیں تو پاکستان نے بھی اپنے ایٹم بم عید کے لیے نہیں رکھے۔
محبوبہ مفتی نے یہ ٹویٹ مودی کی اس تقریر کے جواب میں کیا جو مودی نے بھارتی ریاست راجستھان میں ایک جلسے میں کی، مودی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان کے نیوکلیئر ہتھیاروں سے خوفزدہ نہیں، بھارت کے نیوکلیئر ہتھیار دیوالی کے لیے نہیں ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں محبوبہ نے مزید کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ نریندر مودی اپنا سیاسی خطاب کیوں تھڑے کی سطح پر لے آتے ہیں۔
If India hasn’t kept nuclear bomb for Diwali, it’s obvious Pakistan’s not kept theirs for Eid either. Don’t know why PM Modi must stoop so low & reduce political discourse to this.
— Mehbooba Mufti (@MehboobaMufti) April 22, 2019
اس سے قبل ایک انٹرویو میں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ مودی کو الیکشن کے پہلے مرحلے میں شکست نظر آرہی ہے۔ مودی پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بالا کوٹ جیسا ایک اور حملہ کرنا چاہتا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے کا مقصد مودی کا ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنا ہے۔ مودی اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے حربے استعمال کر رہے ہیں، وہ لوک سبھا میں اکثریت حاصل کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب بھارت میں انتخابات کے تیسرے مرحلے میں نریندر مودی کے حلقے سمیت 117 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ تیسرے مرحلے میں 15 ریاستوں میں 18 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقے اور بھارتی ریاست کیرالہ میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے حلقے میں بھی ووٹنگ جاری ہے۔
11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارتی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہیں جو 6 ہفتوں تک جاری رہنے کے بعد 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی۔