اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 12 نومبر کو گرو نانک کے نام پر اسٹیشن بنا رہے ہیں۔ بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا۔ کرتار پور بارڈر پر پاکستان نے تاریخی اسٹینڈ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 6 فروری کو ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں، 18 سو کلو میٹر سمیت ڈبل ٹریک پشاور سے کراچی تک بچھائیں گے۔ اللہ کا شکر ہے 6 فروری کو معاہدہ کیا، اب دستخط کرنے جا رہا ہوں۔ ایم ایل ٹو میں بھی یہی ہوگا ریل ٹریک کی اپ گریڈنگ ہوگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 12 نومبر کو گرو نانک کے نام پر اسٹیشن بنا رہے ہیں۔ بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا۔ کرتار پور بارڈر پر جو اسٹینڈ پاکستان نے لیا تاریخی ہے، ماضی میں ریلوے میں لمبا مال بنانے اور کمیشن کے لیے خریداریاں کی گئیں۔ ریلوے کے پاس ویگنز نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے میں بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ایم ایل ون اور کوہالہ پاور پروجیکٹ حکومت کے منصوبے ہوں گے۔ پاکستان ریلوے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ایم ایل ون منصوبہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر بہت ٹیلنٹڈ آدمی ہے، وہ محنتی اور قابل انسان ہیں، ان کی کابینہ میں واپسی کے لیے بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ خود کو وزارت اطلاعات کے قابل نہیں سمجھتا، وزارت چلانا فردوس عاشق اعوان کا کام ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سرسید ایکسپریس میں مفت کھانا اور ناشتہ بھی ملے گا، ایم ایل ون اور نالہ لئی پر جب کام شروع ہوگا، کامیاب ہوجاؤں گا۔ ہم ایک سال میں 40 ٹرینوں کا پلان پورا کرنے جارہے ہیں۔