اسلام آباد : ملک بھرکے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دومئی سے رمضان ریلیف پیکج کا آغاز ہوگا، جس کے تحت انیس اشیائے خوردو نوش پرسبسڈی دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق روزے داروں کیلئے خوشخبری، ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دومئی سے رمضان ریلیف پیکج کا آغاز ہورہا ہے، رمضان ریلیف پیکج کے تحت انیس اشیائے خوردو نوش پرسبسڈی دی جائے گی۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی پرپانچ اور آٹے پرچارروپےفی کلو تک سبسڈی ملے گی جبکہ گھی پر پندرہ اورآئل پر دس روپےفی کلوسستا ہوگا۔
رمضان ریلیف پیکج کے تحت چنے کی دال پر بیس روپے، مونگ کی دال پر پندرہ اور ماش کی دال پر دس روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ سفید چنے پر پچیس، بیسن پر بیس اور کھجور پر تیس روپے کلو سبسڈی ملے گی۔
مزید پڑھیں : 2 ارب روپے کے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری
اعلامیے کے مطابق باسمتی،سیلا اور ٹوٹا چاول پرپندرہ روپے، مشروبات کی پندرہ سوملی لٹربوتل پرپندرہ روپے سبسڈی دی جائے گی۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ چائےکی پتی پرفی کلوپچاس اوردودھ پرفی لٹرپندرہ روپے اور تمام مصالحہ جات پر دس فیصدتک سبسڈی ملے گی۔
یاد رہے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا، اجلاس میں رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی اور کہا گیا تھا یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان میں 4 سے50 روپے تک ریلیف ملے گا۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلاک کمیٹی نے 5 مئی بروز اتوار اجلاس طلب کیا ہے، محکمہ موسمیات نےپیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند تیس شعبان یعنی 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ سات مئی بروز منگل ہوگا۔