اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر تمام موبائل کمپنیز نے کارڈ پر ٹیکس بحال کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے موبائل کمپنیز نے موبائل کارڈ پر ٹیکس عائد کردیا، موبائل کارڈ پر 12.5 فی صد ایڈوانس ٹیکس کی کٹوتی ہوگی۔
موبائل بیلنس پر 17 فی صد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جائے گی، موبائل کارڈ پر 10 فی صد ایڈمن فیس کی بھی کٹوتی ہوگی۔
سو روپے کے ریچارج پر موبائل صارفین کو 77.19 روپے کا بیلنس ملے گا جبکہ موبال کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو ٹیکس بحال کرنے کے حوالے سے میسیجز بھی موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے موبائل فون کارڈز پر تمام ٹیکس بحال کردیے
واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے موبائل فون پر تمام ٹیکسز بحال کردئیے تھے۔
موبائل فون کارڈز پر معطل ہونے ٹیکس کی بحالی کے بعد حکومت کو دو ماہ میں 15 ارب روپے موصول ہوں گے، جولائی 2018 میں سپریم کورٹ کے ٹیکس معطلی کے فیصلے سے قبل ٹیکس کی مد میں تقریباً 90 ارب روپے وصول کیے تھے۔
حکومت کی جانب سے عائد کردہ تمام ٹیکسز ملا کر موصول ہونے والی رقم تقریباً 147 ارب روپے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے موبائل کارڈ پر ٹیکس تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔