اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زادپیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہناہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد پیر سے شروع ہونے والے اپنے دورہ پاکستان میں وفود کی سطح پرمشاورت کریں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ زلمے خلیل زاد اعلیٰ سول اور عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ زلمے خلیل زاد افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان سے رہنمائی حاصل کرنے آ رہے ہیں۔
زلمے خلیل زاد کے دورہ کے دوران امریکی انتظامیہ کے ایک اہم عہدیدار بھی پاکستان آئیں گے، پاک امریکا دو طرفہ مذاکرات کا اہم دور آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ہوگا، معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کی قیادت میں امریکی وفد پاکستان آئے گا۔
اس امریکی وفد اور پاکستان کا مذاکراتی دور منگل کو ہوگا جس میں اقتصادی و تجارتی روابط زیر غور آئیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے علاقائی سلامتی کے امور کو بھی مذاکراتی ایجنڈا میں شامل کرلیا، مذاکرات میں دو طرفہ تعاون اور تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف آپشنززیرغورآئیں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خیل زاد اورایلس ویلز الگ الگ دو روزہ دورہ پاکستان کر رہے ہیں اور دونوں دوروں کے اغراض و مقاصد جدا جدا ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی حکام نے دونوں عہدیداران کی وزیراعظم سے ملاقات کرانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، تاحال وزیراعظم عمران خان سے دونوں مہمانوں کی کوئی ملاقات حکومتِ پاکستان کی جانب سے شیڈول نہیں کی گئی ہے۔