لاہور: اپوزیشن لیڈر، پنجاب اسمبلی حمزہ شبہاز نے کہا ہے کہ پاکستان کےدشمن صف آرا ہو رہے ہیں، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا جائے، مگر حکومت کو کوئی پروا نہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جلد بازی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، ایوان میں عام آدمی کے مینڈیٹ کا قتل کیا گیا.
ان کا کہنا تھا کہ نیب شریف خاندان، شاہد خاقان، سعد رفیق، خواجہ آصف کے پیچھے ہے، بی آر ٹی پشاور میں 7 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، اعظم سواتی سے سپریم کورٹ کے کہنے پر استعفیٰ لیا گیا، مگر انھیں وزیر اعظم نے پارلیمانی امور میں لگا دیا.
حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ ایمنسٹی لے کر آرہے ہیں، جسے آپ سب سے بڑی لعنت کہتے تھے، علیمہ خان کی آف شور کمپنی کا اربوں روپے کا حساب دیں، احتساب کے حق میں ہیں، ڈرتے نہیں، احتساب عمران خان کا بھی ہونا چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ سبزی پھلوں، دالوں، دودھ کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، دواؤں کی قیمتوں میں 400 فیصد اضافہ کر دیا گیا، آج قوم کی مہنگائی نے کمر توڑ دی، قوم سے کہتا ہوں کہ یہ دن رات جھوٹ بولتے ہیں، تجاوزات کے نام پر چھتیں چھین لیں، دکانیں گرا دیں.
مزید پڑھیں: حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کی دعویدار عائشہ احد کی 3مئی کونیب میں طلبی، نوٹس موصول
مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے ، آئی ایم ایف معاہدہ ابھی باقی ہے، عالمی ادارےکہتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت اگلے 2 سال میں کم ترین سطح پر ہوگی، دعا کرتے ہیں کہ مہنگائی کے طوفان سے اللہ عوام کو محفوظ رکھے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب سے اپنی کابینہ نہیں سنبھالی جاتی، ہم عدالت کادروازہ کھٹکھٹانے کا حق رکھتے ہیں، یہ میرے گھر کی دیواریں پھانگ کر آتے ہیں، کابینہ میں بیٹھے افراد انھیں نظرنہیں آتے، ن لیگ ہمیشہ قربانیاں دے گی اور کھڑی رہے گی.
حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف نے پہلے دن ہی میثاق معیشت کی بات کی تھی، فردوس عاشق اعوان پی پی کی ترجمان تھیں یاعمران خان کی ترجمان ہیں. فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی بناکر قوم کو پرحیران کر دیا ہے، پاکستان کےدشمن صف آرا ہو رہے ہیں، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا جائے، مگر حکومت کو کوئی پروا نہیں.