کولمبو : سری لنکا میں پائی جانے والی کشیدہ صورت حال میں سعودی سفارت خانے کی طرف سے وہاں پر موجود تمام سعودی شہریوں کو ملک سے نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں باشندوں سے کہا گیا کہ وہ ملک میں جاری موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر ملک چھوڑ دیں۔
قبل ازیں سعودی عرب کی طرف سے سری لنکا میں موجود اپنے شہریوں سے کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد پیدا ہونےوالے حالات میں سعودی باشندے سری لنکا کے قانون کا احترام کریں اورسیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے نئے اقدامات میں سری لنکا کی حکومت کا ساتھ دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن وزیرصحت راجیتا سیناراٹنا نے وارننگ جاری کی تھی کہ ایسٹر سنڈے کے موقع پر خودکش حملے کرنےوالے گروہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اسی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان
خیال رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگادی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی
برقع پر پابندی ایسٹر پر ہونے والے خودکش حملوں کے ایک ہفتے بعد لگائی گئی تھی، اس حملے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔