لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی سیاسی صورت حال، حکومتی امور اور پنجاب آب پاک اتھارٹی سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، وزیر اعظم نے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے گورنر کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کی۔
گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو پنجاب آب پاک اتھارٹی کے قیام اور اپنے غیر ملکی دورے میں امریکی سینیٹرز سمیت دیگر شخصیات سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے انھیں ہدایت کی کہ پنجاب کے عوام کو جلد از جلد پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایک سال انتظامی معاملات میں ضائع ہوا، اگلے چار سال عوام کی خدمت کرے گی، چوہدری سرور
چوہدری سرور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے بورڈ سمیت دیگر معاملات پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے تمام معاملات کو مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے باقاعدہ حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے ایک ایک پیسا پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی پر خرچ کیا جائے گا۔