منگل, اکتوبر 22, 2024
اشتہار

کچھ عناصر چاہتے ہیں پاکستان تمام سرحدوں پر الجھا رہے: وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے، کچھ عناصر چاہتے ہیں پاکستان تمام سرحدوں پر الجھا رہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے پاکستان کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں، کچھ عناصر چاہتے ہیں پاکستان تمام سرحدوں پر الجھا رہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے روزانہ سیز فائر کی خلاف ورزی ہو رہی ہوتی ہے، افغانستان کے ساتھ بارڈر پر باڑھ لگائی جا رہی ہے۔ ایران کے ساتھ بھی بارڈر سے متعلق معاملات چل رہے ہیں۔ پاکستان تمام ہمسایوں کے ساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کی کوشش ہے پاکستان افغانستان اور ایران سے بھی الجھے، ایرانی وزیر خارجہ سے میری 4 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ تربت میں نئے ہیڈ کوارٹر کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایران سرحد پر شرپسندی کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایران کے پڑوسی ممالک کے ساتھ اپنی نوعیت کے تعلقات ہیں۔ حالیہ ایران کے دورے سے بہت فائدہ ہوا۔ دورے کی وجہ سے جو غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی تھیں ان کا تدارک ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ایک واقعہ ہوا تھا جس میں ایرانی گارڈز کو اغوا کیا گیا تھا، پاکستان کی جانب سے ایرانی گارڈز کو بازیاب کروا کر حوالے کیا گیا۔ اسی طرح مکران کوسٹل ہائی وے پر واقعہ ہوا، پاکستان نے ایران سے تحقیقات میں مدد کی درخواست کی۔ ایران کی جانب سے بھرپور تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کون سی قوتیں ایسے حالات پیدا کر کے فائدہ اٹھا رہی ہیں، ایسے حالات کا فائدہ ہمارے دشمنوں کو ہو رہا ہوتا ہے۔ ایسے حالات سے نمٹیں گے اور دشمن کے مقاصد کو خاک میں ملائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن مل بیٹھے تاکہ احتساب بطور انتقام نظر نہ آئے، آج عوام کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی چاہتی ہے۔ احتساب کے عمل کو سیاست کی نظر نہ کیا جائے۔ احتساب کے نئے قانون پر اپوزیشن سے تعاون کو تیار ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں