اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام5سال بعد فیصلہ کریں گے کہ کون ٹھیک تھا اور کون غلط، پی پی اور ن لیگ نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا تھا بہتری میں وقت لگے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں معیشت کا بہت بگاڑ کرکے گئی ہیں، معیشت کی بہتری میں وقت لگے گا، وزیر اعظم نے ہمیں ذمہ داریاں سونپی ہیں، جو وزیر کارکردگی دکھائے گا وہی آگے آئے گا، پی ٹی آئی حکومت نے غریبوں کیلئے احساس پروگرام شروع کیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے، کچھ حقائق ایسے ہیں جن کا ہمیں سامنا کرناہے، تنقید کوئی بھی کرسکتا ہے بیان کوئی بھی دے سکتا ہے، سوال یہ ہے جس تبدیلی کی بات کررہے ہیں اس کی وجوہات کیا ہیں،
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد نئی حکومت کو5سال کا مینڈیٹ دیا جاتا ہے، پی ٹی آئی کو5سال کا مینڈیٹ ملاہے اس کو پورا ہونے دیں،5سال بعد عوام فیصلہ کریں گے کون ٹھیک تھا اور کون غلط تھا، پی ٹی آئی کے احساس پروگرام سے غریبوں کو سہارا ملے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست ملک ہے اور ہماری معیشت کو سہارا دینے کیلئے بھرپور مدد کررہا ہے، پاکستان دشمنوں اور بھارت کی جانب سے مسلسل پروپیگنڈا کیاجارہا ہے لیکن بھارت کو لینے کے دینے پڑگئے ہیں۔
چین نے ثابت کیا کہ وہ ہمارا بہترین دوست ہے اور دوست رہے گا، بھارت نے مسعود اظہر کتے حوالے سے جو جال بچھایا اس میں خود پھنس گئے ہیں، بھارت اور بی جے پی سے امریکا آج سوالات پوچھ رہا ہے۔