جہلم: جی ٹی روڈ پر مسافر وین میں آگ لگنے سے 8 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے، چار افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں سوہاوہ کے ترکی ٹول پلازہ کے قریب بد قسمت مسافر وین ٹرالر سے ٹکرا گئی، حادثے کے دوران وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے 8 مسافر جھلس کر دم توڑ گئے۔
وین میں آگ لگنے سے جھلسنے والے دیگر 4 مسافروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرایع کے مطابق مسافر وین گوجرانوالہ سے راولپنڈی جا رہی تھی، تیز رفتاری کے باعث وین بے قابو ہو کر ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے باعث میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
خوف ناک آگ بھڑک اٹھنے سے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا، چار زخمیوں کو ریسکیو ورکرز نے اسپتال پہنچایا۔
جی ٹی روڈ پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر دیر سے پہنچیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جہلم حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا، عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے ہم دردی اور اظہار تعزیت کا پیغام جاری کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، وزیر اعلیٰ نے افسوس ناک واقعے پر انتظامیہ سے رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔
ادھر کوئٹہ میں مغربی بائی پاس ہزار گنجی کے قریب بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، یہ حادثہ بس اور گاڑی میں ٹکر کے باعث پیش آیا۔