ہفتہ, اپریل 5, 2025
اشتہار

حیدرآباد : حسین آباد میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے دونوں قاتل گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

حیدرآباد : تھانہ حسین آباد کی حدود میں انڈس پلازہ چائنا آٹوز سینٹر شاپ آٹو بھان روڈ پر 25اپریل2019کو پولیس اہلکار علی انور چھچر کو موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا ۔

حیدرآباد پولیس کی دن رات انتھک محنت رنگ لائی، پولیس نے اس کیس کے مرکزی ملزم نوید ولد غلام قادر راجڑ کو گرفتار کرلیا اور اس کی نشاندہی پر اس کا ساتھی گل شیر بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی ایس پی حسین آباد غلام شبیر سرکی کی سربراہی میں ایس ایچ او حسین آباد حاکم علی جلبانی کی قاتل نوید راجڑ سے تفتیش میں اس نے پولیس اہلکار علی انور کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ25اپریل کو قاتل نوید راجڑ اپنے ساتھی گلشیر ولد شہمیر راجڑ کے ساتھ موٹر سائیکل پر انڈس پلازہ چائنا آٹوز سینٹر شاپ آٹو بھان روڈ پر آئے اور پرانی ذاتی دشمنی پر پولیس اہلکار علی انور چھچھر پر فائرنگ کر کے اسے شہید کر دیا۔

دوران تفتیش قاتل نوید راجڑ نے انکشاف کیا کہ واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل اس نے شورہ گوٹھ نسیم نگر میں اپنی رہائش گاہ پر چھپایا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی بائیک اس کے ساتھی گل شیر کے پاس ہے جو شورہ گوٹھ میں اس کے گھر چھپا ہوا ہے۔

قاتل نوید راجڑ کی نشاندہی پر پولیس نے شورہ گوٹھ نسیم نگر میں اس کے گھر پر چھاپہ مار کر قاتل کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول برآمد کر لیا اور وہاں چھپے ہوئے اس کے ساتھی گل شیر راجڑ کو بھی واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں