لکڑی بظاہر تو مضبوط ہوتی ہے لیکن آگ کی معمولی سی چنگاری لکڑی کے بڑے سے بڑے ڈھیر کو لمحوں میں خاکستر کرسکتی ہے، تاہم اب ایسی پالش تیار کرلی گئی ہے جو لکڑی کو آگ سے بچا سکتی ہے۔
فن لینڈ میں بنائی گئی یہ انوکھی وارنش نینو سیلولوز پر مشتمل ہے۔ اس کے ریشے بھی لکڑی کے گودے سے ہی تیار کیے گئے ہیں۔
ہیف سیل یا ’ہائی کنسسٹینسی انزائمٹک فائبریلیشن آف سیلولوز‘ نامی کیمیائی مادے پر مبنی یہ پالش ایک جیل کی طرح ہے۔ اس میں نہایت ٹھوس اجزا موجود ہیں جو لکڑی پر لگنے کے بعد اس پر ایک تہہ تشکیل دے دتے ہیں۔
اس کے بعد اگر اس لکڑی کو آگ لگ جائے تو یہ تہہ آکسیجن کو لکڑی تک پہنچنے سے روک دیتی ہے جس کے بعد آگ مزید بھڑکنے کا امکان ختم ہوجاتا ہے۔
فی الحال اس وارنش کو آزمائشی طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ بہت جلد اسے تجارتی بنیادوں پر بھی پیش کردیا جائے گا۔