اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو س عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم اورخاتون اول نے القادر یونیورسٹی منصوبے کو حقیقت میں ڈھالنے میں اہم ترین کردار ادا کیا، یونیورسٹی نوجوانوں کو جدید سائنسی علم سکھانے اور نبی پاک کی زندگی کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرےگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو س عاشق اعوان نے انٹرویو میں کہاہے کہ القادر یونیورسٹی کو قائم کرنے کا منصوبہ خاتون اول بشریٰ بی بی اور وزیراعظم عمران خان کا ہے، اس منصوبے کو حقیقت میں ڈھالنے میں دونوں نے اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔
فردو س عاشق اعوان کا کہنا تھا القادر یونیورسٹی کا قیام علاقےکےعوام کیلئے تحفہ ہے، یونیورسٹی عمران خان کے ویژن کے تحت قائم کی جارہی ہے۔ نوجوان نسل کو یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
یونیورسٹی میں صوفی ازم کی ترویج کی جائے گی تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے اور نوجوانوں کو جدید سائنسی علم سکھانے اور نبی پاک کی زندگی کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرےگی۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکتے ہیں، دنیا کی جدید ٹیکنالوجیز کی طرف قدم بڑھائیں گے، روحانیات کو سپر سائنس بنائیں گے، عبد القادر جیلانی کے نام پر یونی ورسٹی بنا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کے سنگِ بنیاد رکھ دیا
وزیراعظم کا کہنا تھا القادر یونی ورسٹی تاریخ سے آگاہ کرے گی، یونی ورسٹی میں 35 فی صد بچوں کو مفت اسکالر شپ ملے گی، مستقبل کے لیڈر القادر یونی ورسٹی سے سامنے آئیں گے۔
انھوں نے کہا تھا وہ القادر یونی ورسٹی جیسے ادارے پر 23 سال سے سوچ رہے تھے، جس طرح نمل، شوکت خانم بنایا اسی طرح القادر یونی ورسٹی بنائیں گے، ذہین اور اچھے نوجوانوں کو اکٹھا کر کے القادر یونی ورسٹی میں پڑھائیں گے۔