لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، اپنے قائد کو شایان شان طریقے سے جیل میں بھیجیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، نواز شریف قید کے حق دار نہیں، آئین کو توڑنے والے ڈکٹیٹر کو باہر جانے کی اجازت مل جاتی ہے، ملک کو ترقی دینے تین دفعہ کے وزیراعظم کو علاج کی اجازت تک نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، کل تمام راستے کوٹ لکھپت کی طرف رواں دواں ہوں گے، کچھ فیصلے عدالتی کرتی ہیں اور عدالتوں کے کچھ فیصلوں پر تاریخ فیصلہ کرتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف آج بھی ملکی سیاست کا محور ہیں، پاکستان کی سیاست ان کے گرد گھومتی ہے، جیلیں اس طرح کے سیاسی رہنماؤں کو ہمیشہ کے لیے تاریخ میں امر کردیتی ہیں۔
مزید پڑھیں: چلو چلو کوٹ لکھپت جیل چلو، مریم نواز کا ٹوئٹ
نواز شریف کی جیل روانگی، ن لیگی قیادت نے تیاری کے نام پر فنڈز مانگ لیے
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی کل کوٹ لکھپت جیل واپسی کے لییے ن لیگ لاہور کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے فی کس 50 ہزار روپے مانگے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹ ہولڈرز بھی 50 ہزار پارٹی فنڈز میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے، ن لیگ قیادت کی جانب سے آج پیسے جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں، رقم کارکنوں کے لیے ٹرانسپورٹ، پھولوں کی خریداری کے لیے خرچ کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کل کے لیے انتظامات کرنے ہیں تو پیسے تو چاہئے ہوں گے، کیمپ، بینرز اور دیگر کاموں کے لیے پیسے درکار ہیں۔