اسلام آباد : ملک میں 5 ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 15ہوگئی، وائرس سے متاثر ہونے والی ایک بچی کی عمر 6 ماہ اور دوسرے بچے کی آٹھ ماہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا سے 2 مزید پولیو کیسز کی تصدیق کے بعد رواں سال سامنے آنے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 15 تک پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت میں قائم پولیو کے وائرس کی تشخیص کرنے والی لیبارٹری نے اس بات کی تصدیق کی کہ پولیو کے 2 نئے کیسز خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں سامنے آئے۔
اس ضمن میں ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ وائرس سے متاثر ہونے والی ایک بچی کی عمر 6 ماہ ہے جس کے نمونے 18 اپریل کو لیے گئے تھے اور جب وائرس سامنے آنے کےلئے درکار 3 ہفتے پورے ہوئے تو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ بچی پولیو وائرس سے معذور ہوچکی ہے۔
دوسری جانب ایک 8 ماہ کے بچے کے بھی پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی، جس کے نمونے 26 اپریل کو لیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ اب تک ملک میں پولیو سے متاثر ہونے کے 15 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گزشتہ برس پولیو کے 12 کیسز سامنے آئے تھے اور سال 2017 کے دوران یہ تعداد محض 8 تھی۔
مزید پڑھیں : سندھ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، پولیو کا ایک اورکیس سامنے آگیا
رواں سال سامنے آنے والے کیسز کو علاقوں کے اعتبار سے دیکھا جائے تو 6 کیسز صرف خیبرپختونخوا، 4 قبائلی اضلاع، 3 پنجاب اور 2 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے ۔
خیال رہے اس وقت دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ایسے ملک ہیں جہاں اب تک پولیو کا مرض مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا ہے، چند روز قبل قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق کی تھی
جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں، اب ان میں لاڑکانہ کا اضافہ ہوگیا ہے.