لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی پرفارمنس دی، بڑا ٹوٹل تھا ٹیم اگر جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔
تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔
انھوں نے کہا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی باؤلنگ اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا تھا، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ ابھی 3 میچز باقی ہیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان بھی کر چکے ہیں جس کے لیے پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب
یاد رہے گزشتہ روز انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی، تاہم اس میچ میں سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔
پانچ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے، جوس بٹلر نے 110 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 361 رنز پر دم توڑ دیا، فخر زمان نے 138 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، مجموعی طور پر پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا۔