اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقدس مہینے میں بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کا مکمل صفایا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔
کوئٹہ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 12 زخمی
یاد رہے کہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے منی مارکیٹ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں نیوی کا ایک اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔