اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سری لنکا میں مسلمانوں کے گھر جلانے اور چینی شہریوں کے معاملے پر بحث کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں سری لنکا میں مسلمانوں کے گھر جلائے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سری لنکا میں مسلمانوں کے گھر جلائے جا رہے ہیں، انھیں گرفتار کر کے تشدد کیا جا رہا ہے، حکومت سری لنکا سے اس معاملے پر بات چیت کرے۔
سینیٹ کمیٹی میں چینی شہریوں کی پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادیوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ گزشتہ سال 150 لڑکیوں کو شادی کر کے چین لے جایا گیا، ایک چینی خاتون نے لاہور میں 3 گھر کرائے پر لیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا میں مسلمانوں پر حملوں کے بعد کرفیو نافذ
انھوں نے کہا کہ ایک میریج بیورو چین دوسرا پاکستان میں شادیاں کرا رہا تھا، چین کا عیسائی پاکستان میں سرٹیفیکیٹ کے بغیر شادی نہیں کر سکتا، پاکستان میں تین پادریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شادی اسکینڈل: چینی ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل روانہ
چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ حساس معاملات کو اِن کیمرا بریفنگ میں سامنے لایا جائے گا، چینی شہریوں کی شادیوں میں میریج بیوروز کا اہم کردار ہے، میریج بیوروز کے لیے بھی ایک ایکٹ ہونا چاہیے۔