اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے ملاقات کی اور کامیاب جوان پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی میں یوتھ سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن مناسب حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، تعلیم اور ہنرمند بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔
عثمان ڈار نے کہا نوجوانوں کی ترقی سے متعلق بنیادی خاکہ مرتب کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جاچکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم یوتھ پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے رائے اور تجاویز حاصل کی جاسکیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پروگرام نوجوانوں کوبا اختیار، روزگارکی فراہمی کا منصوبہ ہے، حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی۔
وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ملک کی تعمیروترقی میں نوجوانوں کا کردارنظراندازنہیں کر سکتے۔