اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی کمپنی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ بہت سی کمپنیاں پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیاں حکومتی مثبت کاروباری پالیسیوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ چینی کمپنی کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ تھوڑی دیر قبل ہی وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی کمپنیاں پاکستانی انجینیئرز اور تکنیکی ورکرز کو نوکریاں دینے کی پابند ہوں گی۔
فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مخصوص مہارت پاکستان میں دستیاب نہیں اور باہر سے لوگ لانا ضروری ہیں تو انجینیئرنگ کونسل سے عارضی رجسٹریشن لینی ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پابندی پاکستان کی جاب مارکیٹ کا مفاد ہے۔